Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

رواں ماہ کے 10 دنوں میں پیٹرول کی مد میں عوام کی جیب پر کتنا بوجھ پڑا؟

5 سے 7 ستمبر کے دوران پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے 13 پیسے کمی ضرور ہوئی

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر ہونے والے ردوبدل نے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا، یکم سے 10 ستمبر کے دوران پیٹرول کی قیمت میں تقریباً 25 روپے جبکہ ڈیزل 22 روپے سے زائد مہنگا ہوگیا۔

دستاویزات کے مطابق یکم ستمبر کو پیٹرول 342 روپے 79 پیسے فی لیٹر تھا جو 10 ستمبر کو 367 روپے 75 پیسے تک پہنچ گیا، یوں 10 دن میں پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 24 روپے 96 پیسے اضافہ ہوا۔

پیٹرول کی قیمت میں 2 ستمبر کو ایک روپے 8 پیسے، 3 ستمبر کو 2 روپے 29 پیسے اور 4 ستمبر کو 2 روپے 84 پیسے اضافہ کیا گیا۔

5 سے 7 ستمبر کے دوران پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے 13 پیسے کمی ضرور ہوئی تاہم اس کے بعد قیمتوں میں دوبارہ تیزی آگئی۔

8 ستمبر کو پیٹرول 12 روپے 90 پیسے مہنگا کیا گیا، 9 ستمبر کو مزید 5 روپے 58 پیسے جبکہ 10 ستمبر کے لیے 3 روپے 40 پیسے کا اضافہ کیا گیا، جس کے بعد نئی قیمت 367 روپے 75 پیسے فی لیٹر ہوگئی۔

دوسری جانب ڈیزل کی قیمت میں 10 روز کے دوران مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ یکم ستمبر کو ڈیزل 370 روپے 41 پیسے فی لیٹر تھا جو 10 ستمبر کو بڑھ کر 392 روپے 67 پیسے ہوگیا۔

دستاویزات کے مطابق اس دوران ڈیزل کی قیمت میں مجموعی طور پر 22 روپے 26 پیسے کا اضافہ ہوا۔ 2 ستمبر کو 51 پیسے، 3 ستمبر کو ایک روپے 11 پیسے اور 4 ستمبر کو 2 روپے 28 پیسے اضافہ کیا گیا۔

5 سے 7 ستمبر کے لیے ڈیزل 3 روپے 72 پیسے مہنگا ہوا، جبکہ 8 ستمبر کو مزید 3 روپے 72 پیسے، 9 ستمبر کو 4 روپے 18 پیسے اور 10 ستمبر کو 6 روپے 72 پیسے کا اضافہ کیا گیا۔

یوں صرف 10 دن میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ہونے والے بڑے اضافے نے شہریوں کے سفری اخراجات اور مجموعی مہنگائی کے دباؤ میں مزید اضافے کا خدشہ پیدا کردیا ہے۔

Exit mobile version