Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کرکٹ ورلڈ کپ 2027 کے ٹکٹوں کی ریکارڈ طلب، ڈیڑھ کروڑ سے زائد درخواستیں موصول

کرکٹ ورلڈ کپ کے ٹکٹوں کے لیے درخواستیں دینے والے ممالک میں برطانیہ پہلے نمبر پر آگیا

آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2027 کے ٹکٹوں کے حصول کے لیے دنیا بھر سے غیر معمولی دلچسپی دیکھنے میں آئی ہے، جہاں ٹکٹوں کی قرعہ اندازی کے لیے رجسٹریشن کا عمل شروع ہونے کے صرف 12 روز میں ڈیڑھ کروڑ سے زائد درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے منگل کو بتایا کہ ٹکٹوں کے لیے مجموعی طور پر 15,083,752 درخواستیں موصول ہوئیں، جبکہ 142 ممالک کے شائقین کی جانب سے قرعہ اندازی کے لیے 4,423,417 رجسٹریشنز مکمل ہوگئیں ہیں۔

آئی سی سی کے مطابق ٹکٹوں کی طلب میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے، گزشتہ ہفتے تک درخواستوں کی تعداد 10 لاکھ تھی، جو 2 ہفتوں سے بھی کم عرصے میں بڑھ کر ڈیڑھ کروڑ سے تجاوز کر گئی۔

کرکٹ ورلڈ کپ کے ٹکٹوں کے لیے درخواستیں دینے والے ممالک میں برطانیہ پہلے نمبر پر آگیا جبکہ جنوبی افریقہ، بھارت، امریکا اور آسٹریلیا ٹکٹوں کی درخواستیں دینے والے سرفہرست پانچ ممالک میں شامل ہے۔

کرکٹ ورلڈ کپ کا 14واں ایڈیشن جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا میں کھیلا جائے گا۔ نئے فارمیٹ کے تحت منعقد ہونے والا یہ ٹورنامنٹ آئی سی سی کی تاریخ کے بڑے اور وسیع پیمانے پر منعقد کیے جانے والے ایونٹس میں شامل ہوگا۔

آئی سی سی کے مطابق ٹکٹوں کی قرعہ اندازی کے لیے رجسٹریشن کا عمل 21 نومبر 2026 تک جاری رہے گا، یہ تاریخ ورلڈ کپ کے فائنل سے ٹھیک ایک سال قبل مقرر کی گئی ہے، قرعہ اندازی میں شرکت کے لیے کوئی فیس ادا نہیں کرنا ہوگی، جبکہ ٹکٹوں کی قرعہ اندازی میں پہلے درخواست دینے والوں کو ترجیح نہیں دی جائے گی۔

خیال رہے کہ ورلڈ کپ کا فائنل جوہانسبرگ کے وانڈررز اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

کسی میچ کے ٹکٹوں کی طلب دستیاب ٹکٹوں سے زیادہ ہونے پر کامیاب درخواست گزاروں کا انتخاب قرعہ اندازی سے ہوگا جبکہ  ٹکٹوں کی قرعہ اندازی میں کامیاب اور ناکام درخواست گزاروں کو ای میل کے ذریعے آگاہ کیا جائے گا

آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سنجوگ گپتا نے ٹکٹوں کی غیر معمولی طلب کو کرکٹ ورلڈ کپ کی عالمی مقبولیت، افریقہ کی میزبانی کی کشش اور ایونٹ کے آغاز سے قبل آئی سی سی اور اس کے شراکت داروں کی تشہیری سرگرمیوں کا نتیجہ قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ شروع ہونے میں ابھی ایک سال باقی ہے، تاہم آئی سی سی نے اس دوران شائقین کی دلچسپی بڑھانے کے لیے مختلف سرگرمیوں، متعدد ڈیجیٹل و روایتی پلیٹ فارمز پر تشہیری مہمات اور خصوصی مواد کی تیاری کا منصوبہ بنایا ہے۔

Exit mobile version