دنیا بھر میں صحت کی دیکھ بھال کے لیے ٹریکر کے استعمال کا رجحان بڑھتا جارہا ہے یہی وجہ ہے اب بڑی معروف ٹیکنالوجی کمپنیاں اسمارٹ واچز اور ٹریکر تیار کر رہی ہیں تاہم اب ایک ایسا بینڈ متعارف کرایا گیا ہے جس میں اسکرین تو نہیں ہے تاہم اس میں مہنگی واچ کا ایک اہم فیچر ضرور موجود ہے۔
پلے ایک ایسا اسکرین فری کلائی بینڈ ہے جو آپ کی صحت اور فٹنس سے متعلق اعداد و شمار ریکارڈ کرتا ہے اور ساتھ ہی وائس ریکارڈر کا کام بھی کرتا ہے۔ یہ آپ کے قدموں، دل کی دھڑکن اور نیند کو ٹریک کرتی ہے، جبکہ آپ کے خیالات، میٹنگز اور لیکچرز بھی ریکارڈ کر سکتی ہے اور اس دوران آپ کی توجہ فون کی نوٹیفکیشنز کی طرف نہیں جاتی۔
پلے نامی اس سادہ فٹنس ٹریکر ہے میں وائس نوٹس ریکارڈ کرنے کی سہولت موجود ہے یعنی آپ چلتے پھرتے اس میں اپنی آواز میں پیغام ریکارڈ کر سکتے ہیں پھر یہ ماڈل آپ کے نوٹس کو فون پر منتقل کر دیتا ہے، جہاں اس کی ساتھی ایپ میں انہیں آسانی سے تحریر میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔

پلے دیگر فٹنس ویئرایبلز کی طرح دل کی دھڑکن، ہارٹ ریٹ ویری ایبلیٹی (ایچ آر وی)، بلڈ پریشر، خون میں آکسیجن کی سطح، ذہنی دباؤ اور موڈ کو مانیٹر کرتی ہے۔ یہ 180 مختلف کھیلوں اور سرگرمیوں کے دوران آپ کی کارکردگی بھی ریکارڈ کرتی ہے، جبکہ بیرونی مقامات پر دوڑنے یا سائیکل چلانے کے دوران راستہ بنانے کے لیے آپ کے فون کے جی پی ایس کا استعمال کرتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسمارٹ واچ پارکنسن کے مریضوں کے لیے انتہائی مفید ثابت
اسے بنانے والی کمپنی پی آئی ٹیم کے مطابق مکمل چارج کے بعد بیٹری تقریباً دو ہفتے تک چل سکتی ہے۔ اس بینڈ میں 1 جی بی اندرونی اسٹوریج موجود ہے، جس میں 10 گھنٹے تک کی آڈیو ریکارڈنگ محفوظ کی جا سکتی ہے۔ یہ آئی پی 67 واٹر ریزسٹنس ریٹنگ رکھتی ہے، اس لیے بارش اور پانی کے چھینٹوں کو برداشت کر سکتی ہے، تاہم اسے پہن کر تیراکی نہیں کی جا سکتی۔
پلے پر موجود ایک بٹن دبانے سے وائس ریکارڈنگ شروع ہو جاتی ہے، اور پھر آڈیو تجزیے کے لیے کلاؤڈ سروس کے ذریعے آپ کے فون پر منتقل کر دی جاتی ہے۔ پی آئی ٹیم کا کہنا ہے کہ اسے استعمال کرنے کے لیے اکاؤنٹ بنانا ضروری نہیں اور اس کے لیے کوئی سبسکرپشن فیس بھی نہیں ہے۔ کمپنی یہ بھی دعویٰ کرتی ہے کہ منتقلی کے دوران ریکارڈنگز کو انکرپٹ کیا جاتا ہے، جبکہ صارف کا ڈیٹا نہ تو محفوظ کیا جاتا ہے، نہ شیئر کیا جاتا ہے اور نہ ہی اے آئی ماڈلز کی تربیت کے لیے استعمال ہوتا ہے۔
پی آئی ٹیم کے مطابق، ایپ نہ صرف صحت سے متعلق ریئل ٹائم معلومات دکھائے گی بلکہ ایپل ہیلتھ اور گوگل ہیلتھ کنکٹ کے ذریعے آپ کا ڈیٹا دیگر فٹنس ایپس کے ساتھ بھی ہم آہنگ کر سکے گی۔ یہ ان لوگوں کے لیے خاص طور پر مفید ہے جو مختلف کھیلوں کی ٹریننگ کرتے ہیں یا اپنی کارکردگی کے مزید تفصیلی اعداد و شمار چاہتے ہیں۔
پلے کی باڈی اسٹین لیس اسٹیل سے تیار کی گئی ہے تاہم اس کے نائیلون سے بنے اسٹریپس بآسانی تبدیل کیے جا سکتے ہیں۔ اس کا وزن صرف آدھا اونس (16 گرام) ہے، جبکہ اسے مکمل چارج ہونے میں تقریباً ایک گھنٹہ لگتا ہے۔
یہ ان لوگوں کے لیے ایک خاصا کارآمد آلہ معلوم ہوتا ہے جو چلتے پھرتے بہت کچھ سوچتے اور ریکارڈ کرتے ہیں اور ایک اور اسکرین کو دیکھنے سے بچنا چاہتے ہیں۔
پی آئی ٹیم اس وقت کک اسٹارٹر پر پلے کے لیے کراؤڈ فنڈنگ کر رہی ہے، جہاں یہ 99 امریکی ڈالر میں دستیاب ہے، جبکہ اس کی متوقع اصل قیمت 199 ڈالر ہوگی۔