اسلام آباد: نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے کل سے 26 مئی کے دوران گرمی کی شدت میں اضافے کا الرٹ جاری کردیا۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے ملک میں کل سے 26 مئی کے دوران شدید گرمی کی لہر میں اضافے کا الرٹ جاری کردیا ہے جب کہ بعض علاقوں میں بارش اور ممکنہ خطرناک موسمی صورت حال کی بھی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ کے مطابق خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا امکان ہے جب کہ خطہ پوٹھوہار کے علاقوں راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال اور جہلم میں بھی بارش متوقع ہے۔
دوسری جانب آئندہ چند روز میں سندھ، جنوبی پنجاب اور مشرقی بلوچستان میں درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی تجاوز کرسکتا ہے جس کے باعث شدید گرمی کی لہر کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
پنجاب کے مختلف اضلاع بشمول بہاولپور، رحیم یار خان، ملتان، ڈیرہ غازی خان، مظفر گڑھ، سرگودھا، لودھراں، خانیوال، وہاڑی اور لاہور میں بھی شدید گرمی کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
سندھ میں کراچی، حیدر آباد، سکھر، لاڑکانہ، تھرپارکر، میرپورخاص، بدین اور دیگر اضلاع میں شدید گرمی کی لہر متوقع ہے جب کہ بلوچستان کے علاقے تربت، سبی، لسبیلہ، جعفرآباد، نصیرآباد اور دیگر علاقے بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق یہ صورتحال پہلے سے جاری موسمی اندازوں کے مطابق ہے اور درجہ حرارت میں اضافے سے صحت کے مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔
ادارے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ دھوپ کے اوقات میں غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کریں۔ بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کا خاص خیال رکھا جائے اور پانی کا زیادہ استعمال کیا جائے تاکہ جسم میں پانی اور نمکیات کی کمی نہ ہو۔
اسی دوران شمالی علاقوں میں درجہ حرارت بڑھنے سے گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے، سیلابی ریلوں اور لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے نے حساس علاقوں کے مکینوں کو احتیاط برتنے، خطرناک مقامات سے دور رہنے اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرنے کی تاکید کی ہے۔
مزید کہا گیا ہے کہ شہری بروقت معلومات کے لئے سرکاری الرٹ سسٹم سے رابطے میں رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری احتیاطی اقدامات کریں۔




















