اگر آپ روزمرہ کام، آن لائن میٹنگز، اسٹریمنگ یا سوشل میڈیا کیلئے پی ٹی سی ایل انٹرنیٹ استعمال کرتے ہیں تو آنے والا ہفتہ آپ کیلئے پریشانی لا سکتا ہے۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) نے ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس کی رفتار متاثر ہونے سے متعلق اہم اطلاع جاری کردی ہے۔ کمپنی کے مطابق 11 مئی سے 18 مئی تک سب میرین کیبل پر تکنیکی مرمت کا کام جاری رہے گا جس کے باعث صارفین کو سست انٹرنیٹ یا کنیکٹیویٹی مسائل کا سامنا ہوسکتا ہے۔
Important Notice 📢 pic.twitter.com/gPJBEI9toH
— PTCL (@PTCLOfficial) May 10, 2026
پی ٹی سی ایل کا کہنا ہے کہ مرمت کے دوران خاص طور پر شام کے اوقات میں انٹرنیٹ اسپیڈ معمول سے کم رہنے کا امکان ہے، کیونکہ بین الاقوامی کیبل کنسورشیم کی جانب سے زیرِ سمندر کیبل پر کام کیا جائے گا۔
کمپنی کے مطابق یہ اپ گریڈ اور مرمتی عمل مستقبل میں انٹرنیٹ سروس کو زیادہ مستحکم اور بہتر بنانے کیلئے ضروری ہے، تاکہ صارفین کو طویل مدت تک معیاری سروس فراہم کی جاسکے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ زیرِ سمندر کیبلز عالمی انٹرنیٹ ٹریفک کا بڑا حصہ سنبھالتی ہیں، اس لیے ان میں معمولی تکنیکی خرابی بھی کئی ممالک میں رفتار متاثر کرسکتی ہے۔
